کراچی: معروف پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے کرونا وائرس کے خلاف لڑنے والے ڈاکٹرز کے لیے حفاظتی لباس اپنے ہاتھوں سے خود تیار کرلیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر عدنان صدیقی نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ سلائی مشین لے کر بیٹھے سوٹ سی رہے تھے۔ انہوں نے آخری چند ٹانکے لگانے کے بعد بتایا کہ یہ حفاظتی سوٹ ڈاکٹرز کے لیے تیار کیا گیا۔
عدنان صدیقی نے معروف ڈیزائنر عاصم جوفا کے اقدام کی تعریف کی اور تمام ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو شاندار خراج تحسین بھی پیش کیا۔
مزید پڑھیں: عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی
اداکار نے اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ بھی اس طرح کے کام کریں۔ ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ ’میں اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو کرونا وائرس کا پہلی صف میں کھڑے ہوکر مقابلہ کررہے ہیں‘۔
’یہ وقت ہے ہم اپنے کردار کو درست سمت میں لائیں اور مشکل گھڑی میں ایک قوم بن کر مقابلہ کریں‘۔
اس سے قبل کراچی کنگز کے صدر اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی تیار کردہ حفاظتی سوٹ کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی۔