تازہ ترین

دیکھیئے آسمانی بجلی کیسے گرتی ہے

نیویارک: فلوریڈا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ایک محقق نینگو لیو نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے آسمانی بجلی کو سلو موشن میں ریکارڈ کیا اور دیکھنے والوں کو دنگ کردیا۔

لیو نے اس منظر کو ریکارڈ کرنے کے لیے ایک سیکنڈ میں 7000 کیمرا فریم استعمال کیے۔ واضح رہے کہ ویڈیو بناتے ہوئے ایک سیکنڈ میں کیمرا 60 فریم استعمال کرتا ہے۔ لیو نے جب اس ویڈیو کو چلایا تو ایک فریم ایک سیکنڈ میں 700 حصوں میں تقسیم ہوگیا۔

اس قدر منقسم فریم کے باعث آسمانی بجلی کی مفصل ویڈیو سامنے آئی ہے اور آپ آسمانی بجلی کی ایک ایک حرکت ملاحظہ کر سکتے ہیں۔ یہ نظارہ نہایت شاندار ہے۔

آسمانی بجلی دراصل اس وقت پیدا ہوتی ہے جب بادل اور تیز ہوا ایک دوسرے سے رگڑ کھاتے ہیں۔ آسمانی بجلی میں کروڑوں وولٹ اور کروڑوں ایمپیئر کرنٹ ہوتا ہے جو زمین پر دو طرح سے لپکتا ہے۔

جو شخص یا چیز مثلاً عمارت اور درخت وغیرہ جو اس جگہ کی مناسبت سے اونچے ترین ہوں، ان پر بجلی گر کر زمین میں چلی جاتی ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق زمین میں بھی مثبت یا منفی چارج ہوتا ہے۔ اس لیے آسمانی بجلی بھی اس چارج کی طرف لپکتی ہے اور زمین میں چلی جاتی ہے۔ حد درجہ وولٹیج اور میگا ایمپیئرز کی وجہ سے آسمانی بجلی اپنے راستے میں آنے والی ہوا کو آئیونائز کر دیتی ہے جس کی وجہ سے ہوا میں اس کا سفر ممکن ہوتا ہے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -