نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں سری لنکن اسپنر مہیش تھکشانا نے ہیٹ ٹرک کرلی۔
ہملٹن میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ دوسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 30.2 اوورز میں 142 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور نیوزی لینڈ نے سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
رچن روندرا کو 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
تاہم سری لنکن اسپنر مہیش تھکشانا نے شاندار ہیٹ ٹرک کی، انہوں نے کیوی کپتان مچل سینٹںر، میٹ ہینری، اور نیتھن اسمتھ کو پویلین کی راہ دکھائی۔
تھکشانا نے 35ویں اوور کی آخری دو گیند پر وکٹیں حاصل کیں پھر 37ویں اوور کی پہلی گیند پر میٹ ہینری کو آؤٹ کرکے ہیٹ ٹرک اسکور کی۔
مہیش تھکشانا ون ڈے انٹرنیشنل میں ہیٹ ٹرک کرنے والے تیسرے بولر بن گئے ہیں۔
اس سے قبل چمندا واس نے 2001 میں زمبابوے اور 2003 میں بنگلادیش کے خلاف ہیٹ ٹرک کی تھی جبکہ لیسنتھ ملنگا نے 2007 میں جنوبی افریقا اور فرویز مہاروف نے 2010 میں بھارت میں ہیٹ ٹرک کی، ونندو ہسارانگا اور مدھوشنکا بھی ہیٹ ٹرک کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔