ممبئی: بھارت میں سیوریج لائن پر گاڑی لٹک گئی وہاں موجود لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈرائیور کو ریسکیو کرلیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایس ڈبلیو این ایس ٹی وی کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی سیوریج لائن کے پائپ پر لٹکی ہوئی جبکہ وہاں موجود افراد کی جانب سے ڈرائیور کو ریسکیو کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ڈرائیور گاڑی کو ریورس کررہا تھا کہ گاڑی اس کے قابو سے باہر ہوئی اور سیوریج لائن کے پائپ پر جاکر پھنس گئی۔
رپورٹ کے مطابق نالے کے اوپر سیوریج لائن کا پائپ ہونے کی وجہ سے شہری بڑے نقصان سے بچ گیا اور اسے گاڑی پائپ پر لٹکے ہونے کی وجہ سے شہریوں کی جانب سے باآسانی ریسکیو کرلیا گیا۔
گاڑی کے ڈرائیور نے شروع میں اسٹیرئنگ سائیڈ کا دروازہ کھول کر گاڑی سے باہر نکلنے کی کوشش کی لیکن وہ اس میں ناکام رہا بعدازاں اس نے لیفٹ سائیڈ کے دروازے کی کھڑکی سے باہر نکل کر اپنی جان بچائی۔
ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ گاڑی سے باہر نکلتے وقت شہریوں کی جانب سے ڈرائیور کو تسلیاں دی جارہی ہیں کہ گھبراؤ مت، پریشان نہیں ہو اور آرام سے باہر آنے کی کوشش کرو تاہم بعد میں وہ کھڑکی سے باہر آنے میں کامیاب ہوگیا۔