کراچی: اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا کے میزبان شفاعت علی نے بھارتی اینکر ارنب گوسوامی کا روپ دھار کر ان کی نقل اتاری تو بھارت میں قہقہوں کا طوفان برپا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں شفاعت علی نے بھارتی اینکر پرسن ارنب گوسوامی کا روپ دھارا اور انہی کی طرح گفتگو کرتے ہوئے دکھائی دئیے جس کی ویڈیو بھارت میں بھی وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شفاعت علی ارنب گوسوامی اور ان کے ساتھی سدھو پاجی کا روپ دھارے ہوئے ہیں، سدھو نے پروگرام میں شریک جہانگیر خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹھوکو تالی۔ چھا گئے گرو مزہ آگیا۔
پروگرام میں شفاعت علی (ارنب گوسوامی) بن کر وسیم بادامی کو کہہ رہے ہیں کہ میں آپ کو اجازت نہیں دے سکتا کہ آپ میرا نام لیں، سدھو کا کہنا تھا کہ ان میں کون کون سے نقص ہیں بتاؤں کون کون سی خامی وہ سامنے بیٹھا ہے خود ہی پوچھ لو ارنب گوسوامی۔
وسیم بادامی نے ارنب گوسوامی سے سوال کیا کہ میں نے آپ کو آخری مرتبہ مسکراتے ہوئے پتا نہیں کب دیکھا ہے جس پر ارنب کا کہنا تھا کہ میں اپنی شادی پر نہیں ہنسا، جب میری شادی ہورہی تھی تو فوٹو گرافر نے کہا میری طرف دیکھو مسکراؤ، تو میں نے کہا کہ میں تمہارے باپ کا نوکر نہیں ہوں جو مسکراؤں۔
ڈمی ارنب گوسوامی نے وسیم بادامی کے سارے سوالوں کا جواب چیختے ہوئے ہی دیا اور میزبان وسیم بادامی اور ڈمی سدھو ان کا مذاق اڑاتے رہے۔
واضح رہے کہ ارنب گوسوامی بھارتی نیوز چینل کے اینکر ہیں، وہ بھارتی چینل ری پبلک ٹی وی کے پروگرام کے میزبان ہیں جس میں سیاست پر بحث کی جاتی ہے۔
ری پبلک ٹی وی سے قبل ارنب گوسوامی 2006 سے 2016 تک ٹائمز ناؤ میں ایڈیٹر انچیف کے عہدے پر فرائض انجام دے رہے تھے۔