کراچی: روشنیوں کے شہر میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا، موسم گرما میں شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی.
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں بجلی کے بعد اب پانی کی قلت نے بھی بحرانی شکل اختیار کر لی، جس کی وجہ سے عوام دہرا عذاب برداشت کر رہے ہیں.
[bs-quote quote=”شہری آج پانی جیسی نعمت مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں” style=”style-2″ align=”left”][/bs-quote]
عوام کے احتجاج کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کا بحران بدستور جاری ہے، شدید گرمی میں شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے.
اس بحران کی وجہ سے ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی ہے، واٹربورڈ کے سخی حسن، گارڈن و دیگر ہائیڈرنٹس پرمہنگے داموں ٹینکرز کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے.
صورت حال یہ ہے کہ ہائیڈرنٹس پر کئی گنا اضافی قیمت وصول کی جارہی ہے، چار ہزارسے چھ ہزارروپے میں پانی کا ٹینکر فروخت ہورہا ہے۔
واٹرہائیڈرنٹس کے باہر پانی کے حصول کے لئے شہریوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں، شہری آج پانی جیسی نعمت مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں.
متاثرہ علاقوں میں ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد بلاک ایل اور این سرفہرست ہیں، بفرزون، نارتھ کراچی، اورنگی ٹاؤن، ملیر سمیت دیگر علاقے میں بھی کم و بیش یہی صورت حال ہے.
عوام یہ سوال کرتے ہیں کہ جب نلوں میں پانی نہیں آرہا، تو ہائیڈرنٹس کے پاس پانی کہاں سے آرہا ہے اور کس کی اجازت سے مہنگے داموں فروخت کیا جارہا ہے، مگر انتظامیہ اس معاملے میں یکسر خاموش ہے.
یاد رہے کہ چند روز قبل فاروق ستار نے یہ اندیشہ ظاہر کیا کہ کراچی میں پانی کے مسئلے پر فسادات ہوسکتے ہیں، چیف جسٹس فوری نوٹس لیں۔
پانی کے بحران پر کراچی میں فسادات ہوسکتے ہیں، چیف جسٹس کچھ کریں: فاروق ستار
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔