لاہور: ملک میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول 1386 فٹ پر برقرار ہے۔
تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر پانی کی آمد 1 لاکھ 21300 کیوسک ہے جب کہ پانی کا اخراج 1 لاکھ 20600 کیوسک ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تربیلا ڈیم میں پانی کی کمی سے پنجاب اور سندھ کو پانی کی فراہمی میں کمی ہوگی، جس کی وجہ سے ملک میں پانی کا بحران مزید شدید ہوگا۔
ذرائع کے مطابق تربیلا کے علاوہ دیگر ڈیموں میں بھی پانی کی کمی ہے، منگلا ڈیم میں پانی کی آمد 39300 کیوسک جب کہ اخراج 55 ہزار کیوسک ہے۔
دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر آمد 53200 کیوسک ہے جب کہ دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر اخراج 21100 کیوسک ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں پانی کا شدید بحران ہے لیکن ڈیموں کی تعمیر ایک عرصے سے سیاست کا شکار ہے، گزشتہ دنوں چیف جسٹس آف پاکستان نے اس مسئلے کو اٹھایا۔
مسلح افواج کا ڈیموں کی تعمیر کے کار خیر میں بڑھ چڑھ کرحصہ لینے کا اعلان
چیف جسٹس نے متعلقہ اداروں کو ڈیموں کی تعمیر کی ہدایات جاری کرتے ہوئے اس کے لیے ایک فنڈ بھی قائم کر دیا ہے، جس میں انھوں نے پہل کرتے ہوئے دس لاکھ کا عطیہ دیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔