کراچی: حالیہ بارشوں سے حب ڈیم کی سطح میں دس فٹ اضافہ ہو گیا ہے، کراچی اور اطراف کے علاقوں میں بارشوں کے بعد حب ڈیم میں پانی کی سطح مزید بلند ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی اور اطراف کے علاقوں میں عید الاضحیٰ کے موقع پر ہونے والی بارشوں سے ڈیم لیول 318 فٹ تک بلند ہو گیا ہے۔
ڈیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عید سے قبل ہونے والی بارش سے ڈیم میں پانی کی سطح 308 فٹ تک پہنچ گئی تھی، حالیہ بارش سے پانی کی سطح میں 10 فٹ مزید اضافہ ہوا۔
حب ڈیم سے کراچی کے مغربی علاقوں کو پانی فراہم کیا جاتا ہے، ڈیم کے پانی میں اضافے کے باعث ضلع غربی اور نارتھ کے علاقوں میں پانی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں: طوفانی بارشوں کے بعد حب ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ
واٹر بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر نے کہا تھا کہ حب ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے سے شہر کو 2 سال تک پانی فراہم کیا جا سکتا ہے، حب ڈیم سے 10 کروڑ گیلن پانی یومیہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں مون سون کی بارشوں سے جہاں ہر طرف تباہی پھیل گئی ہے، کئی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی تھی، وہیں حب ڈیم میں پانی کے ذخیرے میں بھی اضافہ ہوا۔
مون سون کی بارشوں نے شہر قائد کے کئی علاقوں کو ڈبو دیا تھا، تاحال بارشوں کا پانی کئی جگہ کھڑا ہے، گٹر بھی ابل کر صورت حال کو مزید خراب کر رہے ہیں۔
ادھر کراچی میں صورت حال کو قابو کرنے کی بجائے اداروں اور بلدیاتی اور صوبائی نمایندوں کے درمیان اختیارات کی جنگ چھڑی ہوئی ہے۔