منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث کراچی کو پانی کی فراہمی بھی معطل

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: دھابیجی اور گھارو پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث دھابیجی کی 72 انچ قطر کی پائپ لائن بھی پھٹ گئی جس سے شہر کے متعدد علاقوں کو پانی کی فراہمی بھی ممعطل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں صبح ساڑھے 6 بجے ایک بار بجلی کا بریک ڈاؤن ہوگیا۔

دھابیجی اور گھارو پمپنگ اسٹیشنوں پر بھی بجلی معطل ہوگئی جس کے بعد پانی کے بیک پریشر سے دھابیجی میں 72 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹ گئی۔

پائپ لائن پھٹنے کے بعد شہر کو 4 کروڑ گیلن سے زائد پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق بجلی کے بار بار تعطل سے واٹر بورڈ کی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔

دوسری جانب ایم ڈی واٹر بورڈ نے متاثرہ لائن کی مرمت فوری شروع کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی کےاقدامات کیے جائیں۔

خیال رہے کہ بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد کے الیکڑک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا تھا کہ ای ایچ ٹی نیٹ ورک ٹرپ کر جانے سے شہر کا نصف حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے۔

کے الیکڑک کے مطابق نیشنل گرڈ اسٹیشن سے شہر قائد کو فراہم کی جانے والی بجلی بھی بند ہے جبکہ بجلی کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے تاہم کے الیکڑک حکام کی جانب سے بجلی بریک ڈاؤن کی وجوہات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

حالیہ بریک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے علاقوں میں گلشن اقبال، گلستان جوہر ،نارتھ ناظم آباد، ملیر، ماڈل کالونی، فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد، کورنگی، لانڈھی، ڈیفنس ،کلفٹن، گزری، نارتھ کراچی، پی ای سی ایچ ایس اور بہادر آباد کے علاقے شامل ہیں۔

اس سے محض دو روز قبل بھی شہر قائد کے باسیوں کو بجلی سے محروم کردیا گیا تھا جب پیر کی صبح 4 بجے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا اور کئی گھنٹے سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہیں کی جاسکی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں