اسلام آباد: انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کا کہنا ہے کہ خریف کے سیزن کے لیے پانی کی قلت کا تخمینہ 27 فی صد تک لگایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق موسم خریف کے لیے پانی کی دستیابی کے جائزے کے لیے ارسا ایڈوئزری کمیٹی کا اجلاس آج جمعرات کو منعقد ہوا، جس میں خریف کے لیے پانی کی قلت کا تخمینہ 27 فیصد لگایا گیا۔
ارسا کا کہنا تھا کہ صوبوں کو پانی کی فراہمی کے دوران نقصانات 13.96 ملین ایکڑ فٹ رہیں گے، اور موسم خریف میں صوبوں کو آب پاشی کے لیے 70 ملین ایکڑ فٹ تک پانی دستیاب ہوگا۔
ارسا کے مطابق خریف میں 7.26 ملین ایکڑ فٹ پانی سمندر میں جائے گا، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو 3.67 ملین ایکڑ فٹ پانی ملے گا، جب کہ پنجاب اور سندھ کو 59.07 ملین ایکڑ فٹ تک پانی دستیاب ہوگا۔
ارسا کے مطابق پنجاب اور سندھ کو اوائل خریف میں 27 فی صد پانی کی قلت کا سامنا ہوگا، اور خریف کے آخر میں سندھ اور پنجاب کو 10 فی صد پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پانی کے ضیاع اور نقصانات کے معاملے پر کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔