کراچی: لائنوں میں رساؤ کا کام رات گئے مکمل کرنے کے بعد مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی شروع کر دی گئی۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا کہ بلک لائنوں کو چارج کیا جا رہا ہے جس کے بعد ڈسٹری بیوشن لائنوں میں پانی کی فراہمی شروع ہوگی۔
ترجمان نے بتایا کہ آج شہر میں معمول کے مطابق پانی کی فراہمی بحال ہو جائے گی، 12 مختلف مقامات پر لیکیجز تھیں، رساؤ کے وجہ سے لائن کا پریشر کم کرنا پڑ رہا تھا جبکہ اس کے باعث یومیہ 10 ملین گیلن پانی ضائع بھی ہو رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بی آر ٹی منصوبے پر کام کے دوران ایک بار پھر پانی کی لائن ٹوٹ گئی
کارپوریشن کے مطابق لیکیجز کے باعث مختلف علاقوں میں پانی کی کمی کی شکایات تھی، رساؤ ختم ہونے سے لیاری، صدر، کلفٹن، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد سمیت ضلع وسطی میں فراہمی میں بہتری آئے گی۔
یاد رہے کہ 4 روز قبل شہر قائد میں 3 روز کیلیے پانی کی فراہمی معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ لائنوں کی مرمت کے باعث 3 روز پانی کی فراہمی ضلع وسطی، شرقی اور اولڈ سٹی ایریا میں معطل رہی۔
ترجمان نے بتایا تھا کہ رمضان سے قبل لیکجز کے خاتمے کیلیے پانی کی لائنوں کی مرمت کی جا رہی ہے، پیر کی رات تک پانی کی سپلائی معمول پر آنا شروع ہو جائے گی۔