کراچی: شہر قائد میں ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شہریوں کی اموات کا سلسلہ رک نہیں سکا ہے، گلشن اقبال میں واٹر ٹینکر نے ایک اور موٹر سائیکل سوار کی جان لے لی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 6 میں ایک واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص کی شناخت کریم اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جس کی لاش اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
ادھر کراچی کے ایک اور علاقے شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی ہے، اس حادثے میں موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہو گیا، جس کی لاش اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
کراچی کے علاقے کورنگی ناصر جمپ پر موٹر سائیکل سے گر کر ایک شخص جاں بحق، اور ایک زخمی ہو گیا ہے، ریسکیو حکام کے مطابق یہ حادثہ تیز رفتار موٹر سائیکل کو بے قابو ہونے کے باعث پیش آیا، جاں بحق اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
2024 میں کراچی میں ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز سمیت بھاری گاڑیوں سے پیش آنے والے حادثات میں تقریباً 500 افراد جاں بحق اور 4 ہزار 879 زخمی ہوئے ہیں۔
گزشتہ رات ایک اور حادثے میں سعید آباد پولیس اسٹیشن کی حدود میں سیکٹر ای-ایٹ میں واٹر ٹینکر ڈرائیور گاڑی کو ریورس کر رہا تھا کہ اس دوران اس نے قریب بیٹھے بزرگ شہری کو کچل دیا، 75 سالہ عارف خان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ڈرائیور ٹینکر کو چھوڑ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔