ملتان: موٹر وے پولیس نے نان کسٹم پیڈ گاڑی کی اسمگلنگ ناکام بنادی ، گاڑی پچاس ہزار روپے رشوت کے عوض کراچی سے اسلام آباد اسمگل کی جارہی تھی۔
تفصیلات کے مطابق موٹر وے پولیس ایم 5 ملتان نے نان کسٹم پیڈ گاڑی کی اسمگلنگ ناکام بناتے ہوئے کارروائی میں 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان موٹرویز نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے پانچ موبائل فون اور چھتیس لاکھ روپے برآمد ہوئے، نان کسٹم پیڈ گاڑی 50 ہزار روپے رشوت کے عوض کراچی سےاسلام آباد اسمگل کی جارہی تھی۔
ضبط کی گئی گاڑی، موبائل فون اورنقدی کسٹمز حکام کے حوالےکردی گئی ہے ، ڈی آئی جی دار علی خٹک نے افسران کو پیشہ وارنہ کارروائی پر شاباش دی جبکہ ایڈیشنل آئی جی علی احمدنے پٹرولنگ افسران کی کارکردگی کو سراہا۔
یاد رہے کراچی میں انفورسمنٹ کلکٹریٹ نے اسمگلنگ کے خلاف بڑا آپریشن کرتے ہوئے اسمگل شدہ ہیوی موٹرسائیکلیں اور نان کسٹمز پیڈ گاڑیاں ضبط کر کے کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا تھا۔
ایڈیشنل کلکٹر انفورسمنٹ باسط حسین نے بتایا تھا کہ صدر کراچی اور ڈی ایچ اے میں قائم دو گوداموں سے اسمگل شدہ دس کروڑ چھہتر لاکھ روپے مالیت کی سینتیس ہیوی موٹر سائیکلیں اور چھبیس کروڑچالیس لاکھ روپے مالیت کی اکیس نان کسٹمز پیڈ گاڑیاں برآمد کیں تھیں۔ْ