ملتان : سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کا بجٹ اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب غیرقانونی نہیں ہے، کیونکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار کوئی موجودہ وزیراعظم اسپتال داخل ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے، اس پر قابو پانے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کرنی ہوگی۔
اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ علی حیدر گیلانی کو اغواء کرنے کے بعد دہشت گردوں نے مجھے پیغام بھیجا کہ یہ انہوں نے سوات آپریشن کا بدلہ لیا ہے۔
علی حیدر گیلانی کی کتاب کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’’یہ فیصلہ علی حیدر کو کرنا ہے کہ دورانِ اغوا پیش آنے والے واقعات کی کہانی کتابی صورت میں محفوظ کریں گے یا اُس کو اسکرپٹ کی صورت میں بالی ووڈ ہدایتکاروں کو ارسال کریں گے‘‘۔
ایک سوال کے جواب میں سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ’’ڈرون حملے ملکی سالمیت کے خلاف ہیں، اس حوالے سے آرمی چیف اور حکومت کا امریکہ سے احتجاج بالکل جائز ہے‘‘۔
پانامہ لیکس کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ہر صورت کامیاب ہونے چاہئیں ورنہ یہ معاملہ بند گلی میں داخل ہوجائے گا۔
مزید پڑھیں : بلاول بھٹو بالکل اپنی ماں جیسے لگتے ہیں، ہیلری کلنٹن
دوسری جانب انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری کو دیکھ کر سابق امریکی خاتون اول ہلیری کلنٹن نے آج میرے موبائل پر پیغام بھیجا ہے کہ ’’ انہیں بلاول بھٹو زرداری میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی جھلک دکھائی دی دیتی ہے، ساتھ ہی انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بلاول بھٹو سیاسی میدان میں اپنی والدہ کے نامکمل اہداف کو آسانی سے حاصل کرلیں گے‘‘۔