نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم امن کے داعی ہیں، خطے کی بہتری چاہتے ہیں، پاک بھارت معاملات بگاڑنا نہیں چاہتے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ معاملات بگاڑنے کے لیے 2 جملے چاہئیں، مگر ہم ایسا کرنا نہیں چاہتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بہت کچھ کہہ سکتا ہوں مگر صورت حال مزید خراب نہیں کرنا چاہتا، ہم ہمیشہ امن کی بات کرتے آئے ہیں۔
یاد رہے گذشتہ دنوں بھارتی آرمی چیف وپن راوت نے پاکستان کوبراہ راست دھمکیاں دیتے ہوئے کہا تھا کہ مذاکرات اور دہشت گردی ساتھ نہیں چل سکتے، پاکستان سے بدلہ لینے کا وقت آگیا ہے۔
ہمیں ایک اورسرجیکل اسٹرائیک کی ضرورت ہے ،بھارتی آرمی چیف کی پھرہرزہ سرائی
بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کوسرپرائز دیں گے، انھیں بھی وہی تکلیف محسوس ہونی چاہیے، جو ہم نے برداشت کی۔
جس کے بعد پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی آرمی چیف کی دھمکی کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ کسی نے ہمارے صبر کا امتحان لیا تو پاک فوج قوم کو مایوس نہیں کرے گی، پاکستان جنگ کیلئے تیار ہے، کسی بھی قسم کی کارروائی ہوئی تو پاکستان اس کا بھرپورجواب دے گا۔
خیال رہے کہ دو روز قبل بھی بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں ایک اورسرجیکل اسٹرائیک کی ضرورت ہے لیکن تفصیل نہیں بتا سکتا، پاکستان کو معمول کے تعلقات کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔