اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے خسارے ہم پورے کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملکی خسارے ہم پورے کر رہے ہیں، 2018 میں مارچ میں آئی ایم ایف کی رپورٹ آئی ، ملکی معیشت کا بیڑہ ن لیگ کے دور میں غرق کیاگیا۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بجلی گیس کے بحرانوں کی وجہ ن لیگی دور کے غیرمستحکم منصوبے تھے، ن لیگ دور میں معیشت اچھی جا رہی تھی تو آئی ایم ایف کے پاس کیوں گئے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال جولائی سے اب تک فارن ریزرو میں 50 فیصد اضافہ ہوا، رواں سال دسمبر تک گردشی قرضے ختم کرنے ہیں، حکومت کے لیے بجلی کے بل بڑھانے کا فیصلہ مشکل ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مشکل فیصلےکوئی بھی حکومت خوشی سے نہیں کرتی، معیشت پر بات ہوتی ہے اور ہمیں احساس ہےمہنگائی میں اضاٖفہ ہوا، اس میں کوئی شک نہیں کہ مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔
حماد اظہر نے کہا کہ کوئی مجبوری ہوتی ہے جس کے تحت مشکل فیصلے کیے جاتے ہیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے خسارے ہم پورے کر رہے ہیں،کرنٹ اکاؤنٹ کا خسارہ آج 84فیصد سے نیچے آچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے معیشت کو آئی سی یو سے نکالا ہے، کرنسی بہت زیادہ دباؤ میں تھی، پی ٹی آئی نے روپے کو ڈی ویلیو نہیں کیا،
پاکستان 3.6 ارب ڈالر واپس کرچکا ہے۔