اسلام آباد : سینیٹر شبلی فراز نے اپوزیشن لیڈروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین ایک دوسرے کو گالیاں دیتے تھے، اب ساتھ کھڑے ہیں تو منہ چھپانے کیلئے رومال چاہئے ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے کے میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب پہلے بھی آکر دھمکیاں دے کر گئے تھے لیکن ان سے یہ پوچھیں کہ اثاثے کیسے بنائیں، اس کا یہ لوگ جواب نہیں دے رہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ میں نے تجویز دی تھی اپوزیشن قائدین کو منہ چھپانے کےلیے رومال بھی دیں کیونکہ یہ لوگ ایک دوسرے کو گالیاں دیتے تھے اور اب ساتھ کھڑے ہیں تو منہ چھپانے کےلیے رومال تو چاہیے ہوگا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ماضی میں بھی تنہا تھی آج بھی تنہا کھڑی ہے کیونکہ ایک طرف چوروں کا قافلہ دوسری طرف عمران خان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیماری کا کہہ کر بیرون ملک گئے تھے اور وہاں سے سیاست شروع کردی اور اب لندن سے بیٹھ کر یہاں احتجاج کی کالیں دی جارہی ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم بہتری کی طرف جارہے ہیں جو اپوزیشن کو پسند نہیں ہے، اسی لیے مافیاز متحد ہورہے ہیں اور یہ عدم استحکام کی کوشش کریں گے۔
شبلی فراز نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ 40 سال میں اصلاحات نہیں کرسکے اب کیا کرینگے، کیا اپوزیشن عوام کو ایک مرتبہ پھر بے وقوف بنانا چاہتی ہے۔
سینیٹر شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن کے کسز میں کسی کو ریلیف نہیں دیا جائے گا، کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔