اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت ایمرجنسی کورگروپ کا اجلاس ہوا جس میں کرونا وائرس سے متعلق بدلتی ہوئی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں، تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں، وفاق اور صوبوں کی مربوط کو آرڈینیشن سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرحد پار سے آنے والے مسافروں کے لیے ایک جامع پالیسی مرتب کی ہے، طورخم بارڈر پر اسکریننگ کا مربوط نظام موجود ہے، انٹر نیشنل ہیلتھ ریگولیشن کی یدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ تفتان بارڈر پرکرونا کنٹرول کرنے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی بنائی ہے، قومی ایمرجنسی سمجھتے ہوے ہم سب مل کر کام کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے بروقت اقدامات کیے ہیں، کلینیکل گائیڈ لائنز کے لیے بروقت ایس او پی جاری کیے ہیں، تمام صوبوں کے ساتھ مل کر قومی ایکشن پلان پرکام کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں 8 بڑی لیبارٹریز پر تشخیص کا نظام موجود ہے، ابھی تک پاکستان میں کروناوائرس کے 16 کیسزکی تصدیق ہوئی ہے۔