اسلام آباد: ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو کا کہنا ہے کہ ہم پاکستانیوں کا اپنےشہریوں کی طرح خیال رکھ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب میولوت چاوش اولو سے رابطہ کیا۔ دونوں وزرائےخارجہ نے کرونا پھیلاؤ کو روکنے، عالمی چیلنجز سے نمٹنے پرگفتگو کی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی وبا کے پھیلاؤ کےخلاف ترکی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ترک عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔ شاہ محمود قریشی نے ترکی میں پھنسے 26 پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کا معاملہ بھی اٹھایا۔
ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانیوں کا اپنےشہریوں کی طرح خیال رکھ رہے ہیں، فلائٹس بحال ہونے پر جلد پاکستانیوں کو اپنے ملک روانہ کر دیا جائےگا۔
ترقی پذیر ممالک کو معاشی سہولت کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے،وزیر خارجہ
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بنگلہ دیشی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا۔ وزرائے خارجہ نے کرونا پھیلاؤ روکنے کے لیے عالمی چیلنج سے نمٹنے پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرونا پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام ممکنہ حفاظتی اقدامات اٹھا رہا ہے۔انہوں نے اپنے ہم منصب کو بتایا تھا کہ پاکستان میں مقیم بنگلا دیشی شہریوں کا ہر ممکن خیال رکھا جا رہا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کو معاشی سہولت کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔