کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہم صرف 6 مہینوں میں کراچی کو ٹھیک کردیں گے، یہاں کے شہریوں کے پاس ہمارے سوا کوئی آپشن ہی نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آخری بار کراچی ہمارے ہاتھوں سے بنا،آئندہ بھی ہم بنائیں گے، یہ ہم ہی کو پتہ ہے کہ اس شہر کو فکس کیسے کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نظریاتی اختلافات کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے، ہم دشمن کو بھی گلے لگانا چاہتےہیں، ڈولفن کو اللہ نے انسان دوست بنایا ہے۔
ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کچرے پر کھڑے ہو کر ووٹ مانگ رہی ہیں، مصطفیٰ کمال
چیئرمین پاک سرزمین پارٹی کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں ایم کیو ایم کی وجہ سے مصطفیٰ کمال نے کام کرائے، ایم کیو ایم تو حیدر آباد میں بھی تھی، وہاں کام کیوں نہ ہوئے؟
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کے لیے پاک سرزمین واحد امید ہے، کراچی کے مسائل کا حل ہمارے پاس ہے، لوگ واضح اکثریت سے ہمیں کامیاب بنائیں گے، ہم نفرت کی سیاست ختم کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چودہ سال گورنر رہنے والا ہٹنے کے بعد 5 دن بھی شہر میں نہ رکا، اپنے آپ کو شہر کا وارث کہنے والی جماعت نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔