دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے کسی شعبے میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی، بطور کپتان میری کارکردگی بھی اچھی نہیں رہی۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ 2018 سپر فور مرحلے کے چھٹے اور آخری میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 37 رنز سے باآسانی شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
ٹیم کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کی پرفارمنس بہت بری رہی، میچ کے دوران ہماری بیٹنگ لائن لرکھڑا گئی تھی۔
ایشیا کپ 2018: پاکستان کو شکست دے کر بنگلہ دیش کی فائنل تک رسائی
خیال رہے کہ ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا چھٹا میچ دراصل سیمی فائنل تھا کیونکہ میچ کی فاتح ٹیم کو فائنل میں بھارت سے ٹکرانا ہے۔
آج کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا اعلان کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگال ٹائیگرز نے 48.5 اوورز میں 239 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا۔
واضح رہے کہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ مایوس کن رہی اور صرف 18 کے مجموعی اسکور پر کپتان سرفراز سمیت تین کھلاڑی پویلین روانہ ہوئے، امام الحق 85 ، آصف علی 31 اور شعیب ملک 30 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
ایشیا کپ کا فائنل میچ بنگلادیش اور بھارت کے درمیان 28 اپریل کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔