آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔
وشا کھاپٹنم میں کھیلے جانیوالے دوسرے ون ڈے میں بھارت کو شکست دینے کے بعد آسٹریلیا نے تین ون ڈے میچز کی سیریز ایک، ایک سے برابر کردی۔ سیریز کا فیصلہ کن میچ 22 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
بھارت کی جانب سے دیے گئے 118 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے 11ویں اوور میں باآسانی حاصل کرلیا، آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش 66 اور ٹراوس ہیڈ نے 51 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلیں۔
بھارتی ٹیم آسٹریلیا کی تباہ کن بولنگ کے سامنے نہ ٹک سکی اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 26 اوور میں 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
بھارت کی طرف سے ویرات کوہلی 31 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ اکسر پٹیل 29، جڈیجا 16 اور روہیت شرما نے 13رنز بنائے۔
آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے 5 وکٹیں حاصل کیں، شان ایبٹ 3 اور نیتھن ایلیس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
تاہم میچ کے بعد روہت شرما سے پریس کانفرنس میں پوچھا گیا کہ ٹیم میں وائٹ بال گیم کے لیے لفٹ آرم بولرز کی کمی ہے، جس پر بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ بولرز لفٹ آرم ہو یا رائٹ ہماری توجہ وکٹیں لینے پر ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آخری میچ سے پہلے کہا غلطی ہورہی ہے اسے دور کرنے کی کوشش کریں گے، ہم ہر طرح کی چیزوں کا جائزہ لیں گے ہم کیسے آؤٹ ہو رہے ہیں، ہمیں کیا کرنے کی ضرورت ہے، ہم کس طرح بہتر منصوبہ بندی کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران وائٹ بال کرکٹ میں یہ بھارت کے خلاف کسی بھی ٹیم کی تیسری مرتبہ 10 وکٹوں سے فتح ہے۔
2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان، 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں انگلینڈ نے بھارت کو 10 وکٹوں سے ہرایا تھا۔