صوابی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ مینڈیٹ ہمیں ملا، کوئی اور کیسے وزیراعظم بنے گا؟
تفصیلات کے مطابق صوابی میں سابق اسپیکر اسد قیصر نے آئے ہوئے علاقائی وفد سے ملاقات کی ، اس موقع پر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ عوام نے مینڈیٹ ہمیں دیاہے کس طرح کوئی اور وزیر اعظم بنے گا، وفاق میں بھی تحریک انصاف حکومت بنائے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہم سے بلا چھینا گیا خصوصی نشستوں کیلئے بھی عدالت جائیں گے۔
اسد قیصر نے بتایا کہ دھاندلی کےخلاف ہم نے پوری مہم شروع کررکھی ہے، پہلامطالبہ ہے فارم 45 کے مطابق نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، دوسرا مطالبہ ہے کمشنر راولپنڈی کےانکشافات کی عدالتی انکوائری کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے حقوق ادا نہیں کر رہی ، این ایف سی ایوارڈ کے مطابق ہمارے صوبے کو حصہ نہیں دیا جا رہا ، جو ہمارا پن بجلی کامنافع ہے اسکی ادائیگی نہیں ہورہی ، فاٹا انضمام کے وقت جو حصہ مقرر کیا گیا تھا وہ بھی نہیں دیا جا رہا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اس وقت خیبرپختونخوا کے پاس کچھ بھی نہیں ہے ، اپنے صوبے کے عوام کی آواز بنیں گے، سی پیک میں پشاور،ڈی آئی خان اور چترال موٹر وےکیلئےآواز اٹھائیں گے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وسط ایشیائی ممالک تک ہماری آسان رسائی ممکن ہے، اس کیلئے آواز اٹھاؤں گا۔