بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

ہمیں کوئی شک نہیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ بھارت میں پلان ہوا، وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں کوئی شک نہیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ بھارت میں پلان ہوا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ سے ایک رات پہلے کوئی ٹی وی دیکھتا تو سمجھتاحکومت کا آخری دن ہے۔انہوں نے اسمبلی میں ساتھ دینے پر خواتین ارکان اور اقلیتی نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے سب انسپکٹر شاہد،اسٹاک مارکیٹ کے تین سیکیورٹی گارڈز خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا نے قربانیاں دے کر دشمنوں کا بڑ اپلان ناکام بنایا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ ممبئی میں ہونے والی دہشت گردی جیسا منصوبہ بنایاگیا تھا،ہمیں کوئی شک نہیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ بھارت میں پلان ہوا۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد حملے سے نمٹنے کے لیے ہماری پوری تیاری تھی۔

وزیراعظم پاکستان نے انٹیلی جنس ایجنسیز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقتور ملک اس طرح کا حملہ نہیں روک سکتا تھا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم نے 5 ہزار ارب روپے اکھٹا کرنا تھا،ہمیں ایک ہزار ٹریلین روپے شارٹ فال کا سامنا ہے۔

لاک ڈاؤن سے متعلق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے اثرات کا اندازہ لوگ پوری طرح نہیں لگا سکتے،ہم نے وہ لاک ڈاؤن نہیں کیا جتنا ہم پر دباؤ ڈالا جا رہا تھا، غریب لوگوں کی زندگی آسان بنانے کے لیے لاک ڈاؤن کو جلدی کھولا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاور سیکٹر ملک پر اس وقت سب سے بڑا عذاب بنا ہوا ہے،پاور سیکٹر کے تمام کنٹریکٹس اور قرضہ ہماری حکومت سے پہلے کا ہے،پاور سیکٹر کو ٹھیک کرنے کے لیے بڑے چینجز کرنا پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں میں اصلاحات ناگزیر ہے،پی آئی اے ،ریلوے، اسٹیل ملز سب ادارے نقصان میں ہیں،بند مل کے ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 34ارب روپے دے چکے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک اداروں کوٹھیک نہیں کرتے تو ہم اور نیچے کی طرف جائیں گے،اب اداروں میں اصلاحات کریں گے یا پھر برے وقت کا سامنا کریں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ میرا ہر بیان اٹھا کر دیکھ لیں ہر جگہ کہا پاکستان کو ریاست مدینہ بنانا میرا وژن ہے،جنرل اسمبلی میں پہلی بار کسی نے بتایا کہ ریاست مدینہ کیا تھی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی میں بتایا ریاست مدینہ میں اقلیتوں کو برابر کے شہری کا حقوق ہے،اللہ نے ہماری بہتری کے لیے نبیﷺ کی سنت پر چلنے کے لیے کہا ہے،جو قوم مدینہ ریاست کے اصولوں پر چلے گی اٹھ جائے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں