کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ آج کا دن ہمیں تاریخ میں شہدا کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، صوبے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جام کمال نے آئی جی بلوچستان آفس میں سیکیورٹی سے متعلق قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا اور صحافیوں سے بات چیت کی۔
انہوں نے کہا کہ آج مذہبی لحاظ سے مسلمانوں کے لیے بڑا دن ہے، صوبے بھر میں یوم عاشور کے لیے بہتر سیکیورٹی کا اہتمام کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بہت سے ناخوشگوار واقعات گزرے ہیں، آج کا دن امن وامان اور بہتر طریقے سے اختتام پذیر ہوگا۔
ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، سیکیورٹی سخت
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی جی بلوچستان آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جہاں سے سیکیورٹی کی نگرانی کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی، لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں میں جلوسوں کے روٹ پر لنک روڈز کو کنٹینرز اور قناتیں لگاکر بند کیا گیا ہے اور مسلسل فضائی نگرانی بھی جاری ہے، خواتین پولیس اہلکار کی بڑی تعداد بھی مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔