لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب نے پولیس نظام میں اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوالات میں ملزمان سے ماورائے قانون کوئی اقدام برداشت نہیں ہوگا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیس رویوں میں بہتری لا کر ہم تھانہ کلچر کو تبدیل کریں گے، پولیس کو سائل کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آنا چاہیے، پنجاب پولیس کو عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سابق حکومتوں نے پولیس کے محکمے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا، ہم اس میں موجود خامیوں کو درست کر کے عوام دوست پولیس نظام لائیں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ حکومت پولیس نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھا رہی ہے، پولیس میں کرپٹ افسروں اور اہل کاروں کی رتی بھر گنجایش نہیں، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس حراست میں صلاح الدین کی ہلاکت، ایس ایچ او سمیت 2 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج
واضح رہے کہ چند دن قبل گوجرانوالہ میں پولیس نے اے ٹی ایم توڑ کر پھنسے ہوئے کریڈٹ کارڈ چرانے والے ایک ایسے چور کو پکڑا تھا جس کے بارے میں اس کے والد کا کہنا تھا کہ وہ ذہنی معذور تھا۔
مذکورہ چور صلاح الدین بعد ازاں پولیس کی حراست میں جاں بحق ہوا، اس کے والد نے بیٹے کے قتل کا مقدمہ پولیس اہل کاروں کے خلاف درج کروایا۔