برسبین: قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ ہمیں آسٹریلیا کے ہر حملے کا جواب دینا ہے، آسٹریلیا کو ہرانے کے لیے ہمیں ڈر کے بغیر کھیلنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ ٹیم کے اندر آسٹریلیا میں پرفارم کرنے کی صلاحیت موجود ہے، ہم اعتماد کے ساتھ آئے ہیں، نوجوان ٹیم ہے، مثبت نتائج کی امید ہے۔
اظہرعلی نے کہا کہ ہوم ٹیم کو کنڈیشنز کا فائدہ ہوتا ہے، ٹیسٹ میں بطور ٹیم آگے جانے کے لیے اوورسیز میچ جیتنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ کو پہلی بار پریکٹس کرتے دیکھا کارکردگی سے متاثر ہوا، نسیم شاہ بیٹسمین کے خلاف اپنی منصوبہ بندی کرتا ہے۔
قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ آسٹریلیا کو ہرانے کے لیے ہمیں ڈر کے بغیر کھیلنا ہوگا، مصباح الحق نے کافی عرصے پاکستان کی کپتانی کی، مصباح الحق کے تجربے سے فائدہ مل رہا ہے۔
اظہر علی نے کہا کہ بابراعظم دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں سے ایک ہیں، بابر اعظم کو کھیلتا دیکھ کر اچھا لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں کھیلنا چیلنج سے کم نہیں ہوتا، ہمیں آسٹریلیا کے ہر حملے کا جواب دینا ہے۔
قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ گزشتہ 5 سال سے فاسٹ بولرز کی کمی تھی، اچھے بولرز آئے ہیں امید ہے پرفارم کریں گے، یاسر شاہ محنت کر رہے ہیں ،امید ہے اس بار اچھی بولنگ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہوم گراؤنڈ میں نہ کھیلنے کا بہت نقصان ہوا، امید ہے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوگی۔