کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ بھارت سے اگر جنگ ہوئی تو پوری قوم اکٹھی ہوگی، جنگ کی خواہش کرنا کسی کو زیب نہیں دیتا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، محمد علی خان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اکٹھی ہوکر دشمن کو منہ توڑ جواب دے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں مودی کے خلاف پاناما جیسا اسکینڈل نکلا ہے، مودی اسکینڈل سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسا کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب آپ جنگ مسلط کی جائے تو پھر بھر پور جواب دیا جاتا ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے، ہم چاہتے ہیں مقبوضہ کشمیر آزاد ہو اور پانی کا مسئلہ حل ہو۔
پاکستان سے بدلہ لینے کا وقت آگیا: بھارتی آرمی چیف دھمکیوں پر اتر آئے
علی محمد خان کا سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمیں وہ مشورے دے رہے ہیں جنہوں نے ساڑھے 4 سال وزیر خارجہ نہیں لگایا۔
خیال رہے کہ دو روز قبل بھارتی آرمی چیف نے اپنے عہدے کا پاس نہ کرتے ہوئے پاکستان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان سے بدلہ لینے کا وقت آگیا ہے۔
خام خیالی کے شکار بھارتی آرمی چیف نے یہ بھی کہا تھا کہ ہم پاکستان کوسرپرائز دیں گے، انھیں بھی وہی تکلیف محسوس ہونی چاہیے، جو ہم نے برداشت کی، مذاکرات اور دہشت گردی ساتھ نہیں چل سکتے، بدلہ لینے کا وقت آگیا ہے۔