اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے نئے آرمی چیف کے لیے دعاگو ہوں، پاک فوج کے بہترین افسران کا انتخاب کیا گیا، ملک کو دہشت گردی اور سرحدی تناؤ کا سامنا ہے، تاہم قوم کو موجودہ اور نئی فوجی قیادت پر اعتماد ہے۔
آرمی چیف کے منتخب ہونے کے بعد وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پیشہ وارانہ امور میں مہارت رکھتے ہیں اور وہ جنرل راحیل شریف کے مشن کو جاری رکھیں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی اور سرحدی تناؤ کا سامنا ہے تاہم قوم حکومت او رافواج دشمن کے خلاف اکھٹی ہے اور پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین برس کے مقابلے میں اب ملک میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے ، پاک فوج کے بہترین افسر کا انتخاب کیا گیا، فوج کی موجودہ قیادت پر بھی اعتماد تھا اور نئی قیادت پر بھی اعتماد ہے۔
پڑھیں: ’’ جنرل قمرباجوہ آرمی چیف اورجنرل زبیرحیات چیئرمین جوائنٹ چیفس مقرر ‘‘
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے نئے آرمی چیف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ ’’اللہ تعالیٰ نئے آرمی چیف کو کامیاب کرے اور ذمہ داریاں نبھانے میں آسانیاں پیدا کرے۔ انہوں نے کہا کہ نازک صورتحال میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا اعلان کیا گیا ہے تاہم یہ ملک کے لیے خوش آئند ہے۔
مزید پڑھیں: ’’ نئے آرمی چیف کی تقرری، نوازشریف کے لیے ایک اور اعزاز ‘‘
نئے آرمی چیف کے تقرر پر سیاستدانوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’قمر باجوہ ملک وقوم کی بھلائی میں جنرل راحیل شریف جیسے ہی اقدامات اٹھائیں گے‘‘۔