چین کے بعد امریکا نے بھی گزشتہ روز جعفر ایکسپریس پر ہونے والے کالعدم تنظیم کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔
ترجمان امریکی سفارتخانہ کے مطابق جعفر ایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں مسافروں کو یرغمال بنانے کا واقعہ افسوسناک ہے بلوچ لبریشن آرمی ایک عالمی دہشت گرد تنظیم ہے۔
امریکی سفارتخانہ نے کہا کہ حملے کے متاثرین اور ان کے اہلخانہ سے گہری ہمدردی ہے پاکستانی عوام کو خوف اور تشدد سے پاک زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور سیکیورٹی تعاون جاری رکھیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں امن و استحکام کے لیے حمایت جاری رہے گی اس مشکل وقت میں پاکستان کے عوام کے ساتھ ہیں۔
چین نے پاکستان میں کالعدم بی ایل اے کی جانب سے ٹرین ہائی جیکنگ کی مذمت کی ہے، وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ کا کہنا ہے چین دہشت گردی کی ہر قسم کا مخالف ہے۔
انھوں نے کہا چین دہشت گردی کے مقابلے، اتحاد و استحکام، علاقائی امن اور عوام کی حفاظت کے لیے پاکستان کی کوششں میں اس کی معاونت جاری رکھے گا۔
ترجمان ماؤننگ نے کہا چین ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مخالفت کرتا ہے، اور انسداد دہشت گردی سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان ڈھاڈر میں جعفر ایکسپریس پر کالعدم بی ایل اے نے حملہ کر کے ٹرین ہائی جیک کر لی ہے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 30 دہشت گردوں کو مارا گیا ہے، جب کہ یرغمال 190 مسافر بازیاب کیے گئے ہیں۔