اسلام آباد: مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مل کر چلیں گے، ہماری پوری سپورٹ عمران خان کے ساتھ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ آج ہم عمران خان کی سپورٹ کے لیے بنی گالا گئے تھے تاہم ملاقات میں وزارت اعلیٰ سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ میں قومی اسمبلی کی ایک نشست چھوڑ رہا ہوں، صورت حال جیسی بھی ہو فیصلہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ چلیں گے بھرپور ساتھ دیں گے۔
رہنما مسلم لیگ ن ایاز صادق سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ایازصادق سے ہمارا احترام کا رشتہ ہے، سردار ایاز صادق نے مجھے فون کیا تھا اور کہا تھا کہ بچے آپ سے ملنا چاہتے ہیں، تاہم اسلام آباد جانے کی وجہ سے ملاقات نہیں ہوسکی۔
وفاق اور پنجاب میں ق لیگ کے ساتھ حکومت بنائیں گے، پی ٹی آئی کا دعویٰ
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سیاستدان ہیں بلیک میلر نہیں، ملک میں جمہوریت کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں، پارٹی نے پنجاب اور وفاق میں پی ٹی آئی کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ آج ق لیگ کے وفد نے عمران خان سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں طے پایا کہ ق لیگ وفاق اور پنجاب میں تحریک انصاف کی حمایت کرے گی۔
واضح رہے کہ پنجاب میں حکومت سازی کیلئے تحریک انصاف کے مختلف جماعتوں سے رابطے جاری ہیں اس سلسلے میں ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے بنی گالہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی، اس موقع پر پرویزالٰہی بھی موجود تھے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔