ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے اقبال اور جناح کا نیا پاکستان بنانا ہے، آج سے چوروں کا حساب شروع ہوگیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان کے علاقے ممتاز آباد میں کارنز میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے قانونی جنگ لڑی اور جیتی، عمران خان اور پی ٹی آئی کہتی تھی چوروں کو اڈیالہ جیل بھیجیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج نواز شریف اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں، ملکی خزانے کو لوٹنے والوں سے ایک ایک روپے کا حساب لیں گے، چوروں کو اب بچنے کا موقع نہیں ملے گا۔
مشاہداللہ خان کی ایئرپورٹ میں گھسنے کی کوشش ناکام، لیگیوں کا پولیس پر پھتراؤ
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ شریف خاندان نے ملک کا پیسہ لوٹ کر باہر جائیدادیں بنائیں، تحریک انصاف اقتدار میں آکر کرپشن کا خاتمہ کر دے گی۔
یاد رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز کو لاہور ایئرپورٹ پر طیارے سے حراست میں لے کر اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔
مجرم نوازشریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل کی بیرکوں میں منتقل کردیا گیا
واضح رہے کہ گرفتاری کے وقت لاہور ایئرپورٹ کے رن وے پر لیگی کارکنوں کی رینجرز اہل کاروں سے ہاتھا پائی بھی ہوئی، رینجرز نے ہاتھا پائی کرنے والے ن لیگی کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
دوسری جانب لیگی کارکنان نے لاہور کے مختلف علاقوں میں غنڈہ گردی کی انتہا کردی، جلاؤ گھیراؤ سمیت قومی املاک کو نقصان بھی پہنچایا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔