جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

استعفے اپنی حکمتِ عملی کے مطابق دیں گے، عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نااہل شخص کے لیے قانون تبدیل کرنے پر اسمبلی کو لعنت بھیجی جسے ایٹم بم بنا کر پیش کیا گیا، استعفے اپنی حکمتِ عملی کے مطابق دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ لعنت دےکرلگا کہ میں نےاسمبلی پرکوئی ایٹم بم پھینک دیا ہو میں نے نااہل شخص کے لیے قانون میں تبدیلی کرنے پر لعنت کا لفظ استعمال کیا کیونکہ سپریم کورٹ نے نوازشریف کو مجرم قرار دیا‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اور قومی اسمبلی میں نوازشریف نے جھوٹ بولا، قوم کا پیسہ چوری کرنے اور غلط بیانی کرنے والا شخص پارٹی کا سربراہ نہیں بن سکتا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ’خورشید شاہ اپوزیشن لیڈر نہیں بلکہ حکومت کے نمائندے ہیں انہیں مسلم لیگ ن میں ہونا چاہیے، آصف زرداری اور نوازشریف نے ملک کو نقصان پہنچایا دونوں ہی قوم کے مجرم ہیں‘۔

- Advertisement -

مزید پڑھیں: تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عمران خان کو استعفے جمع کراناشروع کر دیے

تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’پارٹی رہنماؤں اور قیادت نے دو ٹوک مؤقف اختیار کیا کہ جہاں زرداری صاحب ہوں گے ہم وہاں نہیں جائیں گے مگر ہم طاہر القادری کے ساتھ صرف انصاف کے حصول کے لیے بیٹھے ہیں‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ مال روڈ کا احتجاج کوئی پاور شو نہیں تھا جو اُسے ناکام قرار دیا جارہا ہے، حکومت کی ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی پکڑی گئی مگر ابھی تک اُس کے ذمہ داروں کا تعین نہیں کیا جاسکا اور نہ ہی راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر لائی گئی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’اسمبلیوں سے استعفے اپنی حکمتِ عملی کے مطابق دیں گے، بار بار قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کیا مگر کسی کے کان پر کوئی جوں تک نہیں رینگی، اگر مسلم لیگ ن اپنی حکومتی مدت پوری کرے گی تو اُس کا فائدہ بھی ہمیں ہوگا کیونکہ ملک کے معاشی حالات بہت خراب ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: لعنت تو کمزور لفظ ہے ورنہ میرے پاس کئی سخت الفاظ موجود تھے، عمران خان

واضح رہے کہ کچھ روز قبل پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے اسمبلی کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا گیا بعد ازاں عمران خان نے بھی پارلیمنٹ کے خلاف سخت زبان استعمال کیا تھا۔

بعد ازاں پی ٹی آئی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے دعویٰ کیا تھا کہ تمام اراکین اسمبلی نے اپنے استعفے عمران خان کو جمع کروادیے ہیں جس پر لکھا گیا ہے کہ ’اسمبلی رکنیت پارٹی کی امانت ہے لہذا اُسی کی ہدایت پر اس سے مستعفیٰ ہورہے ہیں‘۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں