نوشہرہ: پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے احتساب کے ادارے کے لیے مستقبل میں اپنے ارادوں کا اظہار کر دیا، انھوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب نیب کو ہم انتقام کا نشانہ بنائیں گے۔
خیبر پختون خوا کے شہر نوشہرہ میں پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آج مریم نواز نے کہا ن لیگ کو حکومتی جبر اور انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس پر افسوس ہے، لیکن وہ وقت دور نہیں جب نیب کو ہم انتقام کا نشانہ بنائیں گے۔
خاتون لیگی رہنما نے کہا اچھا بھلا چلتا ہوا پاکستان تھا، موٹر ویز بن رہی تھیں، نواز شریف کی حکومت میں غریب کی زندگی اچھی چل رہی تھی، ملک ترقی کر رہا تھا اور پھر اچانک زہریلی سونامی آ گئی۔
مریم نواز نے کہا پنجاب کی جتنی بیٹی ہوں، اس سے زیادہ خیبر پختون خوا کی بیٹی ہوں، یہ نہیں ہو سکتا مریم نواز ڈسکہ اور وزیر آباد جائے اور نوشہرہ نہ جائے، مجھے پشتو زبان سے بہت پیار ہے، سندھ، بلوچستان اور پنجاب سے زیادہ ہم دردی کے پی سے ہے، کیوں کہ جو نا اہلی اور ڈکیتی پاکستان 3 سال سے سہ رہا ہے کے پی وہ 8 سال سے سہہ رہا ہے۔
انھوں نے کہا کوئی پوچھے عوام کا خادم کیسا ہونا چاہیے، کہوں گی اختیار ولی جیسا ہونا چاہیے، اختیار ولی نہ صرف جماعت کا وفادار ہے بلکہ نوشہرہ اور عوام کا بھی وفادار ہے، اختیار ولی عوام اور نوشہرہ کی خدمت کا جذبہ لے کر میدان میں اترا ہے، نوشہرہ والو اختیار ولی کو ووٹ دوگے تو وہ دن رات آپ کی خدمت کرے گا۔
مریم نواز کا خطاب میں کہنا تھا کہ مہنگائی کی یہ حالت ہے کہ غریب کی کیا، متوسط طبقے اور امیر کی حالت دیکھ کر دل روتا ہے، آج کھانے پینے کی اشیا سب سے زیادہ مہنگی ہوگئی ہیں، اور عوام کا جینا دوبھر ہو چکا ہے۔