کراچی : شاہ فیصل کالونی میں کارڈیو اسپتال کے پانی کے ٹینک سے اسلحے کا ذخیرہ برآمد کرلیا گیا، اسلحے میں کلاشنکوف ، رائفل ، پستول اور بڑی تعداد میں گولیاں شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں واقع اسپتال سے اسلحے کا ذخیرہ پکڑا گیا، اس حوالے سے ایس ایس پی کورنگی فیصل بشیر میمن نے بتایا کہ کارڈیو اسپتال کے پانی کے ٹینک سے اسلحہ برآمد ہوا۔
فیصل بشیر میمن کا کہنا تھا کہ برآمد اسلحہ میں کلاشنکوف ، رائفل ، پستول شامل ہیں جبکہ اسلحہ میں بڑی تعداد میں گولیاں ملی ہیں۔
ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ اسلحہ منظم نیٹ ورک کا لگتا ہے جو کہ چھپایا گیا تھا، اسلحہ کا فارنزک کرایا جارہا ہے، تفتیش کریں۔
یاد رہے رواں سال جنوری میں کراچی کے علاقے اولڈ سٹی ایریا نیپئر روڈ میں گھر سے جنگ میں استعمال ہونے والے ہتھیار برآمد کئے گئے تھے۔
کھدائی کے دوران اینٹی ایئر کرافٹ سمیت دیگر پرانے ہتھیاروں کو نکالا گیا ، ان ہتھیاروں سے جہاز ہیلی کاپٹر ٹینک یا عمارتوں کو اڑایا جاسکتا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لیاری اور نیپئر کے اطراف کراچی آپریشن کے دوران بڑے پیمانے پر اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا جاچکا ہے۔