مری اور گلیات اور قرب و جوار میں آج موسم سخت سرد اور خشک رہے گا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مری اور گلیات میں آج ہفتے کو موسم سخت سرد اور خشک رہے گا جب کہ اتوار کے روز کہیں کہیں بادل چھائے ہوں گے، اور سردی کی لہر برقرار رہے گی۔
پیر کے روز ہلکی بارش اور رات کے وقت برف باری کے امکانات ہیں، منگل کے روز آسمان پر بادلوں کے ڈیرے ہوں گے، صبح کے وقت برف باری کا بھی امکان ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بدھ کے روز موسم سخت سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی ہے، جب کہ جمعرات کے روز بھی سردی کی شدت برقرار رہے گی اور موسم خشک ہوگا۔
ریلیف کمشنر پنجاب کے مطابق مری میں سیاحوں کی سہولیات کے لیے 13 فیسلیٹیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، سیاحوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ موسم سے متعلق معلومات حاصل کر کے سفر کریں۔
دوسری طرف ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں موسم شدید سرد رہے گا، اسلام آباد، پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختون خوا کے میدانی علاقوں میں شدید دھند اور اسموگ چھائی رہے گی، اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد رہنے کے علاوہ شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی کا موسم
خیبر پختون خوا کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد رہے گا، بالائی اضلاع میں موسم شدید سرد اور مطلع جز وی ابر آلود رہے گا، چارسدہ، رشکئی، مردان، نوشہرہ، صوابی، پشاور، لکی مروت، بنوں، ڈی آئی خان میں دھند کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد، مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد رہے گا۔ بہاولپور، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منگلا، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال، ملتان، خان پور، رحیم یار خان، حافظ آباد، بھکر، لیہ میں دھند اور اسموگ کا امکان ہے۔
ڈیرہ غا زی خان اور گرد و نواح میں شدید دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے، بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، شمالی علاقوں میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، مکران کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہو سکتی ہے، سندھ کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جیکب آباد، موہن جودڑو، سکھر، لاڑکانہ، دادو، گھوٹکی، خیر پور اور پڈعیدن میں دھند اور اسموگ کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔