کراچی : محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر کراچی میں آج بارش کی پیشگوئی کردی ہے ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے، حیدرآباد اور میرپورخاص میں اکثر مقامات پربارش ہوسکتی ہے۔
کراچی کے ڈائریکٹر عبدالرشید کا کہنا ہے کہ بھارت سے مٹھی ،تھرپارکر اور راجستھان سے کراچی میں داخل ہو نے والے مون سون سسٹم سے منگل کو کراچی میں بادل چھائے رہے ،جو امید سے کم تھے جس کی وجہ سے بارش نہیں ہوسکی۔
ان کا کہنا تھا کہ بدھ کو کراچی میں بارش کا امکان ہے تاہم اگر بدھ کی رات تک بارش نہ ہوئی تو پھر جمعرات سے کراچی میں بارش کا امکان نہیں ہوگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعرات سے بادل بلوچستان کی طرف رخ کر جائیں گے ۔
مزید پڑھیئے : کراچی سمیت سندھ بھر میں آج طوفانی بارش کا امکان
اس سے قبل محکمہ موسمیات نے بارہ جولائی کو تیز بارش کا امکان ظاہر کیا تھا، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بدھ اور جمعرات کو تیز بارشیں متوقع ہیں جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے پہلے ہی ممکنہ بارشوں کے پیش نظر تمام سرکاری اسپتالوں کے ایم ایس اور ڈسڑکٹ ہیلتھ افسران کو ہدایت جاری کردی گئی تھیں کہ وہ اسپتالوں میں پیرا میڈیکل اسٹاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور رین ایمرجنسی کنٹرول روم بھی قائم ہیں محکمہ صحت کی جانب سے رین ایمرجنسی کے فوکل پرسن ڈاکٹر سید ظفر مہدی کے مطابق ممکنہ بارشوں کے حوالے سے تمام اسپتالوں میں انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک کے مختلف علاقوں میں مزیدبارشوں کی پیش گوئی کردی ہے، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، قلات نصیرآباد، مکران اور کشمیر میں بارش متوقع ہے جبکہ راولپنڈی اسلام آباد میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش کاامکان ہے۔ آج خیبرپختونخوا، بالائی سندھ اور جنوبی پنجاب میں بھی چند مقامات پر آندھی چلنے کیساتھ بارش ہوسکتی ہے۔