جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

کراچی میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، بجلی غائب

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔

 کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن ،نارتھ کراچی، گلشن معمار،  اسکیم 33، منگھو پیر ، اورنگی ٹاؤن،تیسر ٹاؤن، گلشن معمار، سعدی ٹاؤن، بحریہ ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد ، صدر ، آئی آئی چندریگر  روڈ ، ہاکس بے، ماڑی پور روڈ، لیاری، جہانگیر روڈ، لیاقت آباد، عائشہ منزل، گلشن حدید اور  ناظم آباد میں کہیں ہلکی اورکہیں تیز اور موسلا دھار بارش ہوئی۔

سڑکوں پر بارش کا پانی جمع، ٹریفک جام

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے ٹریفک جام ہوگیا، شاہراہ فیصل پر پانی جمع ہونے کے باعث کئی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں ڈوب گئیں۔

- Advertisement -

شاہراہ فیصل سے نرسری اور کارساز روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا، بورڈ آفس سے فائیو اسٹار چورنگی جانے والی سڑک پر بھی گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

پاور ہاؤس کے قریب بارش کا پانی جمع ہوگیا اور ٹرک زمین میں دھنس گیا، جوہر موڑ اور پرفیوم چوک پر بھی بارش کا پانی جمع ہے۔

ادھر ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل بورڈنگ میں سیلنگ سے پانی ٹپکنے لگا، کشمیر روڈ پر پارک کی دیوار گرنے سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کا بتانا ہے کہ گرومندر پر ہوٹل کے قریب چھجا گرگیا خوش قسمتی سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔

بلدیہ ٹاؤن سیکٹر 9 ڈی میں بارش کے بعد نالہ اوور فلو ہوگیا، نالے کا پانی کچرے کے ساتھ سڑکوں پر جمع ہوگیا۔

کراچی شہری حکومت اور ڈی ایم سیز ٹاؤن کا عملہ سڑکوں سے غائب ہے۔

متعدد علاقوں میں بجلی غائب

کراچی میں بارش کے بعد متعدد علاقوں کی بجلی بند ہوگئی، بارش کے باعث 640 فیڈرز بند ہوگئے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ احتیاطی طور پر بجلی بند کی گئی ہے جن میں گلشن اقبال، گلستان جوہر، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی کے علاقے شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق شادمان، سرجانی ٹاؤن، اولڈ سٹی ایریا، اورنگی، کورنگی، اسکیم 33 میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل

تیز بارش کے باعث ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہوگیا، دبئی سے کراچی آنے والی غیرملکی ایئرلائن کو لینڈنگ کی اجازت نہ ملی۔

لاہور سے کراچی آنے اولی پرواز پی کے 305 کو بھی لینڈنگ کی اجازت نہ ملی، ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پرواز کا رخ لاہور کی طرف موڑ دیا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹ پر الرٹ جاری کردیا ہے اور چھوٹے طیاروں کو بھی اڑان بھرنے سے روک دیا گیا ہے، چھوٹے طیاروں اور ہیلی کاپٹر کو ونگز کے ساتھ وزن لگا کر باندھا جائے گا۔

 بارش کے اعداد وشمار

محکمہ موسمیات نے بارش کے اعدادوشمار جاری کردیے ہیں، سب سے زیادہ بارش سرجانی میں 62 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

ایئرپورٹ پر 41.8، نارتھ کراچی میں 33.6، یونیورسٹی روڈ پر 29.8، ناظم آباد میں 23.5 اور گلشن معمار میں 23 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

فلائٹ آپریشن معمول پر آگیا

بعدازاں بارش کرتے ہی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معمول پر آگیا، لینڈنگ میں معاونت فراہم کرنے والے آلات معمول کے مطابق کام کررہے ہیں۔

سی اے اے کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ عمارت میں کچھ جگہوں پر پانی کی رپورٹس کو دیکھا جارہا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں