ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

بلوچستان اور کے پی میں بارش، برفباری، موسم خوشگوار، سردی میں اضافہ

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ / پشاور : بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بادل کھل کر برسے جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے، بالائی علاقوں میں پہاڑوں نے برف کی چادر اوڑھ لی، نظارے اور بھی حسین اور موسم بھی مزید سرد ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان اور خیبرپختونخوا کہیں یخ بستہ ہوائیں ہیں تو کہیں گھنگھور گھٹائیں چھائی ہوئی ہیں۔ بلند و بالا پہاڑوں پر برفباری سے نظارے اور بھی حسین ہوگئے۔

بلوچستان کے ٹھنڈے ٹھار موسم میں بارش کے تڑکے نے موسم خوشگوار کردیا، کوئٹہ میں رم جھم کے بعد سردہواؤں نے سردی میں اضافہ کردیا۔

اس کے علاوہ گوادر میں بھی بادل جم کر برسے جس سے سڑکیں تالاب بن گئیں۔ چاغی، دالبندین مستونگ، سبی، سربندن اور جیوانی سمیت دیگر علاقوں میں بھی ابر رحمت نے اپنا رنگ جمایا۔

بونیر، لکی مروت، موسیٰ خیل اورڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش نے جل تھل ایک کردیا۔ مانسہرہ میں بھی رم جھم برسا اور آسمان سے روئی کے گالے گرے، پہاڑوں اور وادیوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔

سیاحوں نے بھی برفباری کے خوبصورت مناظر کو اپنے کیمروں میں محفوظ کیا اورخوب محظوظ ہوئے۔ اس کے علاوہ دیربالا کے میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

ملک کے بالائی بالائی علاقوں میں برف نے سفید چادر تان دی۔ شانگلہ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری نے ہری بھری وادی کے حسن کومزید دلفریب بنادیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں