اسلام آباد: ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں آج سرد اور خشک موسم رہنے کا امکان ہے، مالا کنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سرد ہوائیں چلیں گی اور کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری رہے گا۔
کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی ہے۔
صوبہ پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں بھی آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔ لاہور میں دن بھر مطلع صاف رہے گا، لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ 2 روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں، کل سے صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب گلگت، اسکردو، مظفر آباد، چترال، دیر اور مری میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ گلگت، اسکردو اور چترال میں آج ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز کالام اور قلات میں منفی 11، اسکردو، مالم جبہ اور کوئٹہ میں منفی 08، بگروٹ اور گوپس میں منفی 07، استور میں منفی 06، چترال اور ہنزہ میں منفی 05 اور دالبندین میں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح مری، دیر، پارہ چنار اور ایبٹ آباد میں منفی 03، میر کھانی اور گلگت میں منفی 02 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔