آپ اگر یونانی اور رومی دیومالائی قصّوں اور اساطیر سے واقف ہیں تو یہ ویب سیریز آپ ہی کے لیے ہے۔ ذرا تصور کیجیے کہ یہ دیو مالائی کردار اور مختلف دیوتا دکھائی دیتے اور آج کے دور میں موجود ہوتے تو کیسے نظر آتے؟
دنیا بھر میں لاکھوں ناظرین نیٹ فلیکس پر کاؤس نامی یہ ویب سیریز دیکھ رہے ہیں اور انہیں اس سوال کا جواب مل چکا ہے۔ آپ بھی ان دیو مالائی کرداروں پر مبنی یہ انوکھی ویب سیریز دیکھ سکتے ہیں اور مزے کی بات یہ ہے کہ کاؤس ہندی اور اردو ڈبنگ میں بھی دستیاب ہے۔
یونانی اور رومی دیومالائی کردار اور تاریخ
نیٹ فلیکس کی ویب سیریز کاؤس یونانی اساطیر، قدیم یونان کی ادبی روایات، ان کے دیوتاؤں، ہیروز، کائنات کی نوعیت، اس سے متعلق غور و فکر اور یونان اور روم کی افسانوی تاریخ سے متعلق ہے۔ یونان اور روم کی یہ تاریخ افسانوی صورت میں آج بنیادی طور پر یونانی ادب کا حصّہ ہے جس میں بالخصوص ہومر (Homer) کی طویل نظمیں الیاڈ (Iliad) اور اوڈیسی (Odyssey) کے ساتھ ساتھ اس کے ہم عصر شاعر اور داستان گو ہیسیوڈ (Hesiod) کے کلام ورکس اینڈ ڈیز (Works and Days) اور تھیوگونی (Theogony) کے علاوہ دیگر ادبا کے لکھے ہوئے افسانے اور ڈرامے شامل ہیں۔ یہ ویب سیریز ان تاریخی، ادبی اور دیو مالائی پہلوؤں کی طرف اشارہ کرتی ہے اور ایک تھیم کے تحت اس کے کردار حاضر اور غائب ہوتے ہیں۔
یونانی اور رومی ادب کے جہان میں دیوتاؤں اور دنیا کی تخلیق، بالادستی کے لیے دیوتاؤں کے درمیان لڑائی اور پھر زیوس کی فتح، دیوتاؤں کا آپس میں تعلق، ان کا پیار اور جھگڑے، اور فانی دنیا میں ان کی مہم جوئی کا ذکر ہے۔ انہی مختلف طاقتوں کی وجہ سے رونما ہونے والے واقعات کو بھی پُراثر انداز میں پیش کیا گیا ہے اور ان کا تعلق ثقافتی مقامات یا رسومات سے ہے۔ اسی طرح دیوتاؤں کی قدرت کے کئی مظاہر کو اجاگر کیا گیا ہے جیسا کہ گرج چمک کے ساتھ بارش یا موسموں کا تغیّر وغیرہ۔ یہ ویب سیریز انہی کرداروں کو انسانوں کی طرح دکھائی دینے والے کردار بنا کر پیش کرتی ہے اور پھر انوکھے واقعات ہمارے سامنے آتے ہیں۔ اس ویب سیریز کو سمجھنے کے لیے یونانی اساطیر اور رومی دیو مالائی تاریخ سے واقفیت ضروری ہے ورنہ آپ کے لیے اس ویب سیریز کا فلسفہ اور اس تخلیقی تجربہ کو سمجھنا دشوار ہوگا۔ اردو زبان میں اس موضوع پر کئی کتب موجود ہیں، جن سے آپ استفادہ کرسکتے ہیں۔
مرکزی خیال/ کہانی
اس ویب سیریز کے پہلے سیزن کی کہانی کا مرکزی کردار یونانی دیوتا زیوس ہے، جس کو تمام یونانی دیوتاؤں پر برتری حاصل ہے۔ یہ سب سے طاقتور دیوتا ہے، اور دوسرے دیوتا اس کے زیرِ نگرانی اپنے کام انجام دیتے ہیں۔ یہ ان سب کو خاص قسم کی طاقت بخشتا ہے۔ لیکن ایک دن اس کو یہ شک ہوجاتا ہے کہ اس کی لافانی طاقت کے خلاف سازش ہو رہی ہے، جس میں کچھ دیوتا اور انسان شامل ہیں اور پھر زیوس ان کو تلاش کرنے کی کوشش کرتا ہے تاکہ انہیں سزا دے سکے۔
یونانی اور رومی دیو مالا اور اساطیر کی تاریخ کے مطابق زیوس یونانی دیوتاؤں میں سب سے عظیم اور برتر تھا۔ وہ دیوتاؤں میں سب سے عظیم اور بلند درجہ پر فائز تھا۔ وہ بے پناہ طاقت اور کئی قوتوں کا مالک تھا۔ اسے کوہِ اولمپس کا حاکم بتایا گیا ہے جس کے قبضۂ قدرت میں خاص طور پر طوفان اور آسمانی بجلی تھی۔ اپنے اس اختیار کی وجہ سے زیوس کو غضب اور قہر میں بھی دوسرے دیوتاؤں پر خاص برتری حاصل تھی۔ علامتی طور پر زیوس کو اکثر بجلی کے کوندنے، بلوط، سانڈ اور چیل سے بھی ظاہر کیا جاتا ہے۔ زیوس کرونس اور ریہہ کا سب سے چھوٹا بیٹا تھا۔ اس کی شریکِ حیات کا نام ہیرہ تھا۔ تاہم، کچھ مدت کے لیے ڈایون بھی اس عظیم دیوتا کی شریکِ سفر رہی۔ زیوس کے دو بھائی پوسائڈن اور ہادس تھے۔ اس کی تین بہنیں بھی تھیں جن کے نام ہیسٹیہ، ڈیمیٹر اور ہیرہ تھے۔ انہی بنیادی تصورات پر ویب سیریز کاؤس کو تخلیق کیا گیا ہے۔ اس ویب سیریز کی تھیم چارلی کوویل کے ذہن میں آئی جو برطانوی اسکرپٹ نویس اور اداکارہ ہیں، جب کہ اس ویب سیریز کے ہدایت کار جارجی بینکس ڈیوس (Georgi Banks-Davies) اور رونیارارو میپفمو (Runyararo Mapfumo) ہیں۔ اس میں انسانوں کے تین مرکزی کرداروں کے ساتھ ساتھ اس دور کے دیوتاؤں میں سے کوئی آدھے درجن دیوتاؤں کو کہانی میں بطور کردار پیش کیا گیا ہے۔ یہ دل چسپ اور تاریخ کو پیش کرنے کا نیا اور انوکھا طریقہ ہے۔ پھر یہی نہیں ہے کہ صرف تاریخی کرداروں کو بیان کرنے پر زور دیا گیا بلکہ انسانوں کے مابین تعلقات، محبت، نفرت، قربانی، تکبر، ڈر اور بغاوت جیسے جذبات کی ترجمانی بھی کی گئی ہے۔
اس کہانی میں دکھایا گیا ہے کہ عظیم اور سب سے طاقتور لیکن کسی وجہ سے خود کو غیر محفوظ خیال کرنے والا یونانی دیوتا زیوس اپنے ساتھی دیوتا پرومیتھیس کو ایک چٹان سے باندھ کر رکھتا ہے اور اپنی مطلق العنان حکومت میں مداخلت اور من مانی کے راستے میں آنے کی جرأت کرنے پر بطور سزا اذیت دیتا ہے۔ پرومیتھیس، جو اس ویب سیریز میں پوری طرح سے راوی کے طور پر کام کرتا ہے، ایک پیش گوئی کے بارے میں بتاتا ہے کہ "ایک لکیر ظاہر ہوتی ہے، ترتیب ختم ہوتی ہے، خاندان گر جاتا ہے، اور کاؤس کا راج ہوتا ہے۔” کئی سال تک اپنا وقت گزارنے کے بعد، پرومیتھیس اب پیش گوئی کے بَل پر زیوس کو معزول کرنے کے اپنے منصوبے پر عمل شروع کرتا ہے۔ اب لافانی دیوتاؤں کی اس کہانی میں تین فانی انسانوں، یوریڈائس، کینیئس اور ایریڈنے کی نادانستہ شمولیت بھی ویب سیریز کا اہم حصّہ بنتی ہے۔ اس پلاٹ پر عمدہ طریقے سے کہانی بُنی گئی ہے اور اس کا دوسرا سیزن بھی متوقع ہے۔
ویب سازی، اداکاری و دیگر پہلو
اسپین اور اٹلی میں عکس بند کی جانے والی اس ویب سیریز کا پروڈکشن ڈیزائن انتہائی پختہ ہے۔ موسیقی، سینماٹوگرافی اور کاسٹیوم کے علاوہ متن کی پیشکش، اساطیری کرداروں میں جدّت طرازی اور روایتی خیالات کو نیا پہناوا اور اس کے ساتھ ساتھ بہترین اداکاروں کی شمولیت نے اس ویب سیریز کو اس قابل بنا دیا ہے کہ اسے دیکھا جائے۔ کاؤس کے مرکزی خیال سے ہم اختلاف کر سکتے ہیں، مگر اداکاروں کی کاوشیں متاثر کن ہیں، بالخصوص امریکی اداکار جیف گولڈ بلم (زیوس)، برطانوی اداکارہ جینٹ میکٹیر (ہیرہ)، امریکی اداکارہ ارورا پیرینیو (یوریڈائس)، نیوزی لینڈ کے اداکار کلف کرٹس (پوسیڈن)، آئرش اداکار کلین اسکاٹ (اورفیس)، اور برطانوی اداکار نبہان رضوان (ڈائیاناسیز) شامل ہیں۔ اوّل الذّکر اداکار جیف گولڈ بلم اور مؤخر الذّکر اداکار نبہان رضوان نے اپنی اداکاری سے خود کو دیگر اداکاروں سے بہت بلند ثابت کیا ہے، اور ان کا کام دیکھنے کے لائق ہے۔
حرفِ آخر
آپ اگر یونانی اور قدیم روم کے فلسفے اور تاریخ میں دل چسپی رکھتے ہیں اور ساتھ ساتھ آپ کو بلیک کامیڈی بھی پسند ہے تو آپ یہ ویب سیریز ضرور دیکھیں، کیونکہ اس میں کہانی تین تہوں میں بیان کی گئی ہے، جو پُرلطف اور دلچسپ ہے البتہ جنہیں ان موضوعات سے رغبت نہیں، وہ کسی قدر اکتاہٹ کا شکار ہوسکتے ہیں۔ تمام فلمی ویب سائٹس پر مقبولیت سمیٹنے والی یہ ویب سیریز نیٹ فلیکس کے ٹاپ ٹین میں شامل ہونے کے علاوہ آئی ایم ڈی بی کی فلمی ویب سائٹ پر رواں برس کی ٹاپ فائیو ویب سیریز میں سے ایک ہے۔ اور پُر لطف بات یہ ہے کہ کئی ہفتے یہ اس ویب سائٹ پر اوّل پوزیشن پر موجود رہی ہے، جسے تخلیقی دنیا میں ایک غیرمعمولی کام یابی کہا جاسکتا ہے۔