لاہور : پیپلزپارٹی اور نواز لیگ کی آفیشل ویب سائٹ ہیک کرلی گئیں۔ ویب سائٹس ہیک کرنے کے بعد ہیکرز نے نواز شریف اور آصف زرداری کے نام پیغامات بھی دئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز ہیکرز متحرک ہو گئے ہیں اور انہوں نے پیپلز پارٹی کے بعد ن لیگ کی ویب سائٹ بھی ہیک کرلی ہے، ن لیگ کی ویب سائٹ پر ہیکرز نے اپنے پیغام میں لیگی ووٹرزکو تنقید کا نشانہ بنایا۔ جس میں ہیکرز نے نوازشریف پر انتہائی سخت تنقید کی ہے۔
ہیکرز کی جانب سے حکومتی ترقیاتی منصوبوں میٹرو سمیت دیگر کو تنقید کا نشانہ بنایا گیاہے۔ ہیکرز کا کہنا تھا کہ عوام کو کھانے کیلئے غذا اور رینے کیلئے چھت درکار ہے، آپ کی موٹر وے اور بسوں کو لوگ نہ تو کھا سکتے ہیں اور نہ ہی موٹر وے پر سو سکتے ہیں۔
ہیکرز نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو لوٹا اور حکمرانوں نے اپنی جائیدادیں بنائیں۔ پیپلزپارٹی کی ویب سائٹ پرچھوڑے گئے پیغام میں ہیکرزنے سابق صدر آصف زرداری پر ملک کی سب سے بڑی کرپٹ شخصیت کا الزام عائد کیا۔
ہیکرز کا کہنا تھا کہ ملک کی سرحدوں پر اس وقت کشیدگی ہے اور آپ پاناما پیپرزپر سیاست کررہے ہیں۔ ہیکرز نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر بھی کڑی تنقید کی۔
مسلم لیگ نواز کی ویب سائٹ بھی اسی ہیکرز کے گروہ کی جانب سے ہیک کی گئی جنہوں نے پیپلز پارٹی کی ویب سائٹ کو ہیک کیاہے۔