راولپنڈی : شادی ہالز بند کرنے کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا گیا، یونین نے ہالز بند کرانے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر راولپنڈی میں 30 سے زائد شادی ہالز 5 دن بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ہالز کو 12 سے 16 اکتوبر تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ہالز مالکان سے متعلقہ تھانوں نے شورٹی بانڈز پر دستخط کرالئے ہیں۔
شادی ہالز یونین نے ہالز بند کرانے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکتوبر پیک سیزن کامہینہ ہوتا ہے، لوگوں کی بکنگ بھی ہے۔
مالکان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی احتجاج اورجلسوں کے باعث بھی کام متاثر ہوا ، انتظامیہ سے اپیل ہے شادی ہالز کیلئے کوئی رعایت نکالے۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔ جس میں کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔
ایس سی او سمٹ کے لیے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں فوج بھی تعینات کی گئی ہے جو 17 اکتوبر تک تعیناتی رہے گی۔
بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر بھی ایس سی اوسمٹ میں شرکت کیلئے پاکستان آرہے ہیں، وہ15 ،16 اکتوبر کو سمٹ میں شرکت کریں گے، جے شنکر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا