رباط: مراکش میں کرونا وائرس کے خلاف عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شادی کرنے والے دولہا، دلہن اور بارات کے شرکا کو گرفتار کر لیا گیا، ملک بھر میں شادیوں کی تقاریب منعقد کرنے پر بھی پابندی عائد ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق مراکشی پولیس نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقرر پابندیوں کی خلاف ورزی پر دولہا، دلہن اور باراتیوں کو گرفتار کر لیا، شادی ملک کے شمالی شہر تطوان میں منعقد کی گئی تھی۔
میڈیا کے مطابق دولہا دلہن نے شادی کے موقع پر باقاعدہ بارات کا انتظام کیا، شہر کے مرکزی علاقے میں ایک مشہور سیاحتی مقام تک بارات لے گئے تاکہ وہاں یادگاری تصاویر بنوا سکیں۔
تاہم جلد ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، مراکشی پولیس نے دولہا، دلہن کے ساتھ بارات میں شامل تمام مہمانوں کو بھی گرفتار کرلیا۔ پوری بارات کو علاقے کے تھانے لے جایا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ دولہا دلہن نے شادی خاموشی سے کی تھی تاہم تصویر بنانے کے شوق نے سارا معاملہ خراب کردیا۔
مقامی حکام نے دولہا اور دلہن سمیت تمام باراتیوں سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔
خیال رہے کہ مراکشی شہر تطوان سمیت 8 بڑے شہروں میں جولائی کے آخر میں لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا جہاں کرونا وائرس کے مریض کثیر تعداد میں سامنے آئے تھے۔
حکام نے کرونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں شادیوں کی تقاریب منعقد کرنے پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔