واشنگٹن: امریکا میں ایک شادی کی تقریب متعدد علاقوں میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بن گئی، مذکورہ تقریب کی وجہ سے 177 افراد وائرس کا شکار جبکہ 7 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا کی شمال مشرقی ریاست میئن کے مضافات میں شادی کی ایک تقریب میں شرکت کرنے والے 177 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے جن میں سے 7 ہلاک ہوگئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شادی کی تقریب اگست کے اوائل میں ہوئی تھی جس میں 50 افراد کی پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 65 افراد شریک ہوئے، چرچ میں تقریب کے بعد مہمانوں کو عشائیہ دیا گیا۔
10 روز بعد تقریب میں شریک 2 درجن سے زائد افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) نے تفتیش بھی شروع کردی۔
سی ڈی سی کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد شادی کی تقریب میں شریک نہیں ہوئے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ تقریب سے ریاست کے کئی علاقے کرونا وائرس کے مرکز بن گئے اور اسی طرح اس علاقے میں 370 کلومیٹر دور ایک جیل میں بھی 80 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق اس جیل کا گارڈ بھی شادی کی تقریب میں شریک تھا۔
اسی علاقے میں واقع ایک چرچ میں بھی 10 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ہلاک ہونے والے 6 افراد اور 39 متاثرین مذکورہ قصبے سے 160 کلو میٹر دور نرسنگ ہوم میں تھے۔
ٹاؤن کونسل کے سربراہ کوڈی مک ایون کا کہنا ہے کہ ہم نے جب وبا پھیلنے کی خبر سنی ہم پریشان ہوگئے، جیسے جیسے وبا پھیلتی گئی ہم نے قصبے کو مکمل طور پر دوبارہ بند کردیا۔
واقعے کے بعد شہریوں کی جانب سے بھی شدید غصے کا اظہار کیا گیا اور مذکورہ مقام کے منتظمین پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا جبکہ حکام نے مذکورہ ہوٹل کا لائسنس بھی منسوخ کردیا۔
خیال رہے کہ کرونا وائرس کیسز کے لحاظ سے امریکا دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔ امریکا میں اب تک کرونا وائرس سے ہونے والی اموات 2 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہیں۔
اب تک امریکا میں کرونا وائرس کے 69 لاکھ 25 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 25 لاکھ 30 ہزار 876 ہے۔ ملک میں زیر علاج 14 ہزار 179 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ملک میں 41 لاکھ 91 ہزار 894 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔