پیر, دسمبر 23, 2024
اشتہار

ہزاروں گاڑیاں، دس ہزار باراتی، ہنی مون ٹکٹس، موکا نامی غریب نابینا کی شادی نے دنیا کو حیران کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

شمال افریقی ملک الجزائر کی ایک تاریخی شادی نے لوگوں کو ورطہ حیرت میں ڈالا ہوا ہے، جب ایک مفلس نابینا کی شادی میں ہزاروں لوگ بینڈ باجوں کے ساتھ شرکت کے لیے پہنچ گئے، اور دولھے کے لیے ہنی مون کے کئی ٹکٹس بھی پیش کر دیے۔

دراصل الجزائر کے صوبے حنشلہ سے تعلق رکھنے والے ایک نہایت غریب پیدائشی نابینا شہری شمس الدین عرف موکا نے جب اپنے درزی کے سامنے ایسے ہی اپنی غربت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھ غریب کی شادی میں کون شرکت کرے گا‘‘ تو انھیں گمان بھی نہیں تھا کہ ان کی شادی نہ صرف ان کے لیے بلکہ پورے الجزائر کے لیے ایک یادگار موقع بننے والی ہے۔

- Advertisement -

موکا اپنی والدہ کے ہمراہ درزی کے پاس شادی کا سوٹ سلوانے گیا تھا، اس نے درزی سے کہا کہ وہ اپنی شادی سے ماں اور ہونے والی بیوی کو خوش دیکھنا چاہتا ہے۔ موکا کے جانے کے بعد درزی نے سوشل میڈیا پر موکا کی تصویر کے ساتھ اس پیغام کو شیئر کر دیا، اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ وائرل ہو گیا۔

حیرت انگیز بات یہ تھی کہ صرف الجزائری ہی نہیں بلکہ پڑوسی ملکوں تیونس اور لیبیا سے بھی لوگ اس شادی میں شرکت کے لیے پہنچ گئے، جن میں بچے بڑے اور خواتین سب شامل تھے، لوگوں نے موکا کے گھر کو تحائف، گھریلو سامان، زیورات سے بھر دیا، 2 ہزار سے زیادہ کاروں میں لوگ آئے، 100 سے زیادہ موٹر سائیکلوں پر لوگ آئے، اور 50 کے قریب گھڑ سوار تھے، شادی میں شریک لوگوں کی تعداد دس ہزار کے قریب تھی۔

کئی میوزک بینڈز بھی اس شادی کو منانے کے لیے پہنچ گئے، لوگوں نے سڑکوں پر رقص کیا، دولھے کو کندھوں پر اٹھا کر دلھن کے گھر لے گئے، دولھا دولہن کو لوگوں نے ترکی اور تیونس کے ہنی مون ٹکٹس بھی فراہم کر دیے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں