نیویارک: امریکی ریاست ایری زون کے 55 سالہ شہری اپنی شادی کی تیسویں سالگرہ کے دن ہلاک ہوگئے، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔
امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کرسٹوفر سویلز کی اہلیہ نے اپنی شادی کی 30ویں سالگرہ کی مناسبت سے گرینڈ کینیئن پر سرپرائز دعوت کا اہتمام کیا تھا۔ کرسٹوفر کو اسکائی ڈائیونگ کا شوق تھا تو اُن کی اہلیہ نے خاوند کو سالگرہ کے موقع پر یہی تحفہ دینے کا فیصلہ کیا۔
پولیس کے مطابق کرسٹوفر کو اسکائی ڈائیونگ کے لیے ایسا پیراشوٹ فراہم کیا گیا جس میں سوراخ تھے، انہوں نے اپنے انسٹرکٹر کے ساتھ چھلانگ لگائی تھی۔ پچپن سالہ امریکی شہری زمین کی طرف آرہے تھے انہوں نے پیرا شوٹ کی ڈوری کھینچی تو کوئی فائدہ نہ ہوا اور وہ رفتار کے ساتھ آکر زمین پر گرے۔
پولیس کے مطابق کرسٹوفر نیشل پارک ائیرپورٹ سے بے ہوش حالت میں ملے تھے جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
رپورٹ کے مطابق کرسٹوفر کے ساتھ چھلانگ لگانے والے انسٹریکٹر کی جان خوش قسمتی سےبچ گئی مگر ان کے ایک پیر کی ہڈیاں کئی جگہ سے ٹوٹ گئیں۔
پولیس کو خدشہ ہے کہ واقعہ مجرمانہ غفلت یا کسی سازش کا شاخسانہ ہے کیونکہ پیرا شوٹ میں ایک نئی بلکہ کئی سوراخ ملے ہیں۔ تفتیشی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ’پیراشوٹ میں کیے گئے سوراخوں کے گرد پین سے دائرے لگائے گئے تھے اور اس پر متعدد پیوند بھی لگے ہوئے تھے۔‘
اسکائی ڈائیو کمپنی نے پولیس کے سامنے مؤقف پیش کیا ہے کہ اُن کا سارا سامان بالکل ٹھیک تھا اور تمام آلات 100 فیصد کام کررہے تھے۔