لاہور: ہفتے میں 3 روز کراچی سے لاہور واردات کیلئے جانے والے 2 بھائیوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزمان ویک اینڈ پر واردات کرتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں گھروں سے چوری کرنے والے 2 بھائیوں کو کراچی سے حراست میں لے لیا گیا، ملزمان ویک اینڈ پر یعنی ہفتے کے آخری تین دن چوری کرتے تھے، ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزمان جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو وارداتیں کرنے کراچی سے لاہور آتے تھے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا چوری شدہ سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ کراچی سے لاہور جانے والے محمد شہباز اور طیب نے گھروں سے جیولری، کینیڈین ڈالرز و دیگر سامان چوری کیا تھا،ملزمان سے چوری کیا گیا تمام سامان برآمد ہوچکا ہے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ ملزمان 130 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور 4 میں اشتہاری ہیں، گرفتار ملزمان سے برآمد سامان اصل مالکان کے حوالے کردیا گیا ہے۔