اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کی شرح میں اعشاریہ 11 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد اس کی سالانہ شرح 21.40 فیصد تک پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق ایک ہفتے میں 14 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، ٹماٹر 6 روپے 63 پیسے، پیاز 3 روپے 51 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق دال ماش 10 روپے 92 پیسے اضافے سے 556 روپے 67 پیسے فی کلو ہوگئی، دال چنا 2 روپے 73 پیسے، دہی 2 روپے 56 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
علاوہ ازیں، حالیہ ہفتے 14 اشیائے ضررویہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، فی درجن انڈے 15 روپے 77 پیسے، 200 گرام سرخ مرچ پیکٹ 20 روپے 92 پیسے سستی ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 150 روپے 69 پیسے کمی ہوئی، لہسن 20 روپے 47 پیسے، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 34 روپے 33 پیسے سستا ہوا، دال مونگ، چینی، چکن، دال، مسور کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔
حالیہ ہفتے 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔