کراچی : آئی ایم ایف پروگرام کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگیا ، پروگرام سے اب تک 100انڈیکس میں 10.78فیصدکا اضافہ ہوچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی گئی ، رپورٹ میں بتایا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کےکاروباری ہفتے میں مثبت رجحان رہا۔
رپورٹ میں کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور آئی ایم ایف پروگرام کے بعد اب تک 100انڈیکس میں 10.78فیصدکا اضافہ ہوچکا ہے۔
ایک ہفتے میں 100 انڈیکس 853 پوائنٹس اضافے سے 45920 پر بند ہوا، اس عرصے میں 1 ارب 78 کروڑ شیئرز کا کاروبار کیا گیا جبکہ 45 ہزار 61 کروڑ روپے مالیت کا کاروبار کیا گیا اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن ایک ہفتے میں 91 ارب بڑھ کر6963 ارب روپے ہوگیا۔
خیال رہے گذشتہ روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان رہا تھا اور ہنڈرڈ انڈیکس چھیالیس ہزار کی نفسیاتی حد کو ٹچ کر گیا تھا، انڈیکس پانچ سو بائیس پوائنٹس اضافےکے ساتھ پینتالیس ہزار نو سو بیس پوائنٹس پر بند ہوئی۔
ماہرین کا کہنا تھا اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی وجہ آئی ایم ایف معاہدہ ہے، جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔